سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی حکومت کے100 دنوں میں درست فیصلوں نے عوام کو مہنگائی کم کر کے تاریخی ریلیف دیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پرانہوں نے جاری بیان کہا کہ ایک دفعہ پھر بانی پی ٹی آ ئی کی سازش ، محمد شہباز شریف اور مریم نواز کی تاریخی خدمات کا موازنہ کیا گیا ہے کہ جس طرح وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلی مریم نواز کی کارکردگی کا شور زیادہ ہو رہا ہے۔
عمران خان کے جھوٹ اور سازش کا شور بڑھتا جا رہا ہے ،عوام کو سوچنا چاہیئے کہ جب جب ملک ترقی کرتا ہے مہنگائی میں کمی آتی ہے تو بانی پی ٹی آ ئی کو کیوں تکلیف شروع ہو جاتی ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ عوام کو سوچنا چاہیے کہ جب جب معیشت مستحکم ہوتی ہے بانی پی ٹی آ ئی کیوں عدم استحکام کی سازشیں شروع کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کرنے والے ، تباہی لانے والے ، نوجوانوں کو بے روزگار کرنے والے ملک کے خلاف سازش کرنے والے پھر متحرک ہو گئے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن نے وفاق اور پنجاب میں 100 دِن میں ایک دفعہ پھر عوام کو نئی امید اور ملک کو درست سمت دی ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 100 دِن میں ہر شعبہ ترقی کی طرف گامزن اور مہنگائی زوال پذیر ہورہی ہے ،سو دن میں درست فیصلوں نے عوام کو مہنگائی کم کر کے بہت بڑا تاریخی ریلیف دیا ہے ،عوام کی روٹی صرف 100 دنوں میں14 سے 12 روپے پہ آ گئی ہے، الحمدللہ 100 دنوں میں نوجوانوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ100 دِن میں پاکستان ایشیاکا وہ واحد ملک بن چکا ہے جہاں مہنگائی سب سے زیادہ تیزی سے کم ہورہی ہے ، مہنگائی میں 17 فیصد کمی آچکی ہے،آٹا، روٹی اور گھی کی قیمت میں واضح کمی آچکی ہے،دوائی مفت اور علاج کی فراہمی گھر کی دہلیز تک پہنچنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
Comments are closed.