مریم نواز شریف کا بیساکھی پر خصوصی پیغام – کسانوں کو خراج تحسین اور سکھ برادری کو مبارکباد

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بیساکھی کے تہوار پر اپنے خصوصی پیغام میں اسے پنجاب کا خوبصورت زرعی اور ثقافتی تہوار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گندم کے سنہری خوشے بیساکھی کی خوشی کا پیغام لاتے ہیں اور یہ تہوار محنتی کسانوں کی کاوشوں کا ثمر ہے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں دنیا بھر میں سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے بیساکھی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا،
“بیساکھی کے تہوار پر سکھ بہن بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ پچھلے سال کرتارپور میں بیساکھی کے موقع پر گندم کی کٹائی کی خوشی آج بھی یاد ہے۔”

مریم نواز شریف نے بتایا کہ ان کی حکومت نے کسانوں کی فلاح کے لیے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا، “مجھے فخر ہے کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ گندم اگانے والے کسانوں کو ایک ہزار ٹریکٹر مفت فراہم کیے گئے ہیں۔”

اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے کاشتکاروں کو اربوں روپے مالیت کے بیج، کھاد، اور زرعی آلات بھی فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کسانوں کی محنت کو سراہا اور کہا کہ وہ پنجاب کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومت پنجاب کسان دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے تاکہ بیساکھی جیسے تہواروں کی خوشیاں مزید بڑھائی جا سکیں۔

Comments are closed.