اسلام آباد: پاکستان کے پہلے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے اپنے اعزاز پر قوم، افواجِ پاکستان، شہداء، غازیوں اور ریاستی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ایک انفرادی کے بجائے اجتماعی کامیابی قرار دیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ “فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں”۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم، افواجِ پاکستان، خاص طور پر سول اور ملٹری شہداء اور غازیوں کے نام وقف ہے جنہوں نے اپنی جانیں ملکی سلامتی کے لیے قربان کیں۔
انہوں نے صدر پاکستان، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے اعتماد پر بھی اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ “یہ اعزاز قوم کی امانت ہے، جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان”۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ یہ منصب اور اعزاز فرد واحد کا نہیں بلکہ افواجِ پاکستان کی عظمت اور پاکستانی قوم کے اتحاد کا مظہر ہے۔ انہوں نے پوری قوم کو شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری اور جذبۂ قربانی سے سرانجام دینے کے عہد پر قائم رہیں گے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران دفاعی محاذ پر زبردست کامیابی حاصل کی، جس میں جنرل سید عاصم منیر کی عسکری قیادت کو مرکزی حیثیت حاصل رہی۔ فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پاکر وہ ملکی تاریخ کا ایک اور سنہرا باب رقم کر چکے ہیں۔
Comments are closed.