خطے میں معاشی استحکام کیلئے نئی پیش رفت، سی پیک افغانستان جائے گا

بیجنگ میں ایک غیر رسمی مگر اہم ترین سفارتی ملاقات کے دوران پاکستان، چین اور افغانستان نے پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کو افغانستان تک توسیع دینے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔ ملاقات میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی اور چین کے وزیر خارجہ شریک ہوئے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق تینوں وزرائے خارجہ نے خطے کی معاشی ترقی، رابطے اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ خاص طور پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (BRI) کے تحت سی پیک کو افغانستان تک بڑھانا ایک نئی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے جو خطے میں اقتصادی مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ استحکام کا باعث بنے گی۔

ملاقات میں خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز، خصوصاً دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردی کے خطرات کا مشترکہ حکمت عملی سے مقابلہ کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق سہ فریقی وزرائے خارجہ کا آئندہ چھٹا باضابطہ اجلاس کابل میں منعقد کیا جائے گا، جہاں مزید تفصیلات اور عملی اقدامات پر غور ہوگا۔

Comments are closed.