اسپیکر ایاز صادق سے اپوزیشن سینیٹرز و اراکینِ اسمبلی کی ملاقات، پارلمانی تعاون پر زور

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اپوزیشن کے سینیٹرز اور اراکینِ قومی اسمبلی نے اہم ملاقات کی جس میں پارلیمانی تعاون، سیاسی ماحول میں بہتری اور زیرِ التواء معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اپوزیشن وفد

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وفد میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس، فیصل جاوید، سابق سپیکر اسد قیصر، بیرسٹر گوہر علی خان، اقبال آفریدی، عاطف خان، ڈاکٹر امجد علی، سردار لطیف کھوسہ اور محمد جمال احسن خان شامل تھے۔اسپیکر نے تمام اراکین کو اپنے چیمبر میں خوش آمدید کہا اور گرمجوشی سے ملاقات کا آغاز کیا۔

بھائی چارہ اصل رشتہ ہے

اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ان کا اپوزیشن اراکین سے 2014ء سے رابطہ رہا ہے اور سیاست سے زیادہ بھائی چارہ اور رواداری دیرپا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کبھی نہ کبھی ختم ہو جاتی ہے لیکن اراکینِ اسمبلی کے تعلقات زندگی بھر قائم رہنے چاہییں۔

پی ٹی آئی کے رویے میں بہتری کی ضرورت

ایاز صادق نے کہا کہ معاملات کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ پی ٹی آئی اپنا رویہ بہتر کرے اور پارلیمانی کمیٹیوں کا حصہ بنے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، تاہم تعاون نہ ملنے کی وجہ سے پیش رفت سست ہے۔اسپیکر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ مذاکرات ہی تمام بحرانوں کا حل ہیں۔

عمران خان سے ملاقات

اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے عمران خان سے ان کے اہلِ خانہ کی ملاقات کی اجازت کا معاملہ اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ اس انسانی اور قانونی مسئلے پر مؤثر اقدام ناگزیر ہے۔

اپوزیشن کا اسپیکر کے کردار کا اعتراف

اپوزیشن اراکین نے ایاز صادق کی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری اور گفت و شنید کے فروغ کے لیے کوششوں کو سراہا۔

Comments are closed.