راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے چائنا میڈیا گروپ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے پاک چین تعلقات، بھارت کے ساتھ کشیدگی، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن و ترقی کے حوالے سے پاکستان کا واضح مؤقف پیش کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک کو مختلف نوعیت کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے اور جو ممالک بڑے ویژن کے حامل ہوتے ہیں، وہ انسانیت کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دو ذمہ دار ریاستیں ہیں جو خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ “ہماری پہلی ترجیح امن ہے۔ ہم جنگ کے نہیں بلکہ امن کے داعی ہیں۔ آج پاکستان کی گلیوں میں لوگ فتح نہیں بلکہ امن کی خوشی مناتے نظر آتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں اور اس جنگ میں لاکھوں لوگ اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں۔ “ہم نے قربانیوں سے سیکھا ہے، ہمارا ہر سپاہی شہادت کو زندگی سے بہتر سمجھتا ہے، چاہے وہ نیلی، سفید یا خاکی وردی میں ہو، شہادت ہمارے لیے اعزاز ہے۔”
پاک چین دوستی پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چین نے مختصر وقت میں جس طرح اپنی بڑی آبادی کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، وہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ “پاکستان کے عوام بھی یہی چاہتے ہیں کہ ہم ترقی، استحکام اور خوشحالی کی طرف بڑھیں۔”
انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ بھارت کی طرف سے پیدا کی گئی کشیدگی اور دہشتگردی کا مقصد ترقی کا راستہ روکنا ہے، لیکن پاکستان اپنی سالمیت اور امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
آخر میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے عاجزی سے کہا کہ “ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، کیونکہ ہم امن پسند قوم ہیں، اور انشاء اللہ آپ دیکھیں گے کہ پاکستان جلد تیزی سے ترقی کرے گا۔”
Comments are closed.