پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے پر پختہ یقین رکھتا ہے:وزیر اعظم شہباز شریف
وزیر اعظم آفس کی جانب سے امن کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے، ہمیں اقوام عالم کے مابین اختلافات کو ختم کرنے اور امن کے مقصد کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے پر پختہ یقین رکھتا ہے تاہم اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے دیرینہ تنازعات کو حل کرنا ضروری ہے، اس خطے میں جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کے پائیدار حل کی بنیاد غیرجانبدارانہ رائے شماری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں فلسطینیوں کی حالت زار کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، جو ریاستی جارحیت کا بہادری سے سامنا کر رہے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کا پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کے فروغ کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے، جس سے ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک پرامن کل کی تعمیر کر سکتے ہیں اور دنیا کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔
Comments are closed.