پاکستان نے بھارت کی جانب سے نام نہاد پاکستانی دہشت گرد گرفتار کرنے کے بے بنیاد دعوؤں کو سختی سے مسترد کر دیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مبینہ طور پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے نام نہاد دہشت گردوں کی گرفتاری سے متعلق بھارتی میڈیا کے بے بنیاد دعووں کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بے بنیاد، من گھڑت الزامات اور سفید جھوٹ بھارت کی پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ مہم کا حصہ ہے جو یورپی یونین ڈس انفو لیب اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی جانب سے پہلے ہی بے نقاب کی جا چکی ہے۔ اپنے کٹھ پتلی میڈیا کے ذریعے جھوٹی خبریں پھیلانا بھارت کی ریاستی پالیسی ہے۔
عاصم افتخار احمد کا کہنا ہے کہ درحقیقت بھارت کے غیرقانونی طور پر زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے ناقابل تردید شواہد پر مبنی پاکستانی ڈوزیئر جاری ہونے کے بعد مودی سرکار مایوسی کے عالم میں دنیا کی توجہ اس اہم معاملے سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن بھارتی میڈیا کے دعوؤں اور ان کے ریاستی عہدیداروں کے بیانات میں تضاد واضح ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مودی سرکار کے فالس فلیگ آپریشنز، جعلی مقابلوں اور ریکوری آپریشنز کی حقیقت دنیا پر عیاں ہو چکی ہے۔
Comments are closed.