پاکستان نے کشیدگی کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، 20 مزید بھارتی جہاز گرانے کی صلاحیت رکھتے تھے: بلاول بھٹو
اسلام آباد: پاکستانی پارلیمانی وفد کے سربراہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کیا، اور طاقت کے باوجود صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے میں امن کی کوششوں کو ترجیح دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان نے چھ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے اور مزید 20 طیارے گرانے کی مکمل صلاحیت رکھتا تھا، لیکن پاکستان نے جنگ کو بڑھانے کے بجائے سیز فائر اور بات چیت کو ترجیح دی۔ ان کے مطابق، “پاکستان کی جنگی پوزیشن بھارت سے بہتر تھی، لیکن ہم نے امن کو ترجیح دی اور سیز فائر قبول کیا۔”
بلاول بھٹو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سیز فائر میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی کوششوں کو خوش آمدید کہتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ امریکی حکومت اپنے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیز فائر ایک شرط کے تحت قبول کیا گیا ہے کہ تمام متنازعہ امور پر کسی نیوٹرل مقام پر بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ امریکہ اور برطانیہ جیسے عالمی طاقتیں خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار ادا کریں گی اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر لائیں گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو اس کا فائدہ پہنچے۔ انہوں نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ پاکستان نے کشیدگی کے دوران نہ صرف دفاع کیا بلکہ اعلیٰ ظرفی اور تدبر کا مظاہرہ بھی کیا۔
Comments are closed.