پاکستان کی اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، ایران کو مکمل دفاع کا حق حاصل ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد – وفاقی دارالحکومت میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان، ایران پر اسرائیل کے بلاجواز اور غیر قانونی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران پاکستانیوں کے انخلا کے لیے بھرپور تعاون کر رہا ہے اور اب تک تقریباً 3 ہزار پاکستانی شہری ایران سے بحفاظت نکالے جا چکے ہیں۔

شفقت علی خان نے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایران کی خودمختاری اور سالمیت پر براہ راست حملہ ہے، جسے اسلامی دنیا بھی مسترد کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 21 مسلم ممالک نے ایک مشترکہ اعلامیے میں اسرائیلی جارحیت کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران قریبی دوست، ہمسائے اور اہم شراکت دار ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطہ قائم ہے۔

علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جوہری عدم پھیلاؤ (non-proliferation) کے حوالے سے حالیہ مذاکرات ہوئے ہیں، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی پاکستان نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر سرینگر کی جامع مسجد اور عیدگاہ میں نماز کی اجازت نہ دینا قابل مذمت ہے، اور کشمیری سیاسی قیادت کو قید میں رکھنا بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔

کینیڈین بیانات اور رجیم چینج کے الزامات پر ردعمل

ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کا شکار ملک ہے اور کینیڈین انٹیلی جنس کے حالیہ بیانات غیرذمہ دارانہ اور بے بنیاد ہیں۔ ایران میں مبینہ ’رجیم چینج‘ سے متعلق قیاس آرائیوں کو بھی محض افواہیں قرار دے کر مسترد کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایران عالمی جوہری ادارے (IAEA) کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، اور ان تمام معاملات پر پاکستان ذمہ دارانہ سفارتی طریقے سے موقف اختیار کرتا ہے۔

انہوں نے امریکی حکومت کی طرف سے پاک بھارت جنگ بندی سے متعلق مثبت بیان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان ہر ممکن حد تک خطے میں امن اور استحکام کا حامی ہے۔

Comments are closed.