پاکستان-امریکا ٹریڈ ڈیل معیشت کے لیے بڑی پیشرفت، ٹیرف میں کمی سے برآمدات کو فائدہ ہوگا: بلال اظہر کیانی
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے امریکا کے ساتھ حالیہ ٹریڈ ڈیل کو پاکستان کے لیے ایک بڑی معاشی اور سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے سے نہ صرف پاکستان کی برآمدات کو فروغ ملے گا بلکہ ملک میں امریکی سرمایہ کاری میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے حال ہی میں واشنگٹن میں امریکی سیکرٹری آف کامرس اور ٹریڈ ریپریزنٹیٹو ایمبسڈر سے ملاقات کی، جو کئی ماہ سے جاری مذاکرات کا حصہ تھی۔ ان مستقل مذاکرات کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ طے پایا۔
انہوں نے کہا کہ اس ڈیل کے تحت پاکستان سے امریکا برآمد کی جانے والی اشیاء پر عائد ٹیرف میں کمی کی جائے گی، جو ملکی معیشت پر براہ راست مثبت اثر ڈالے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے مالی سال میں پاکستان کی 32 ارب ڈالر کی کل برآمدات میں سے 6 ارب ڈالر صرف امریکا کو کی گئی تھیں، جو کہ پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپورٹ ڈیسٹی نیشن ہے۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ ٹیرف میں کمی سے پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈیوں میں مزید رسائی حاصل ہوگی، جس سے برآمدات میں اضافہ اور صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکا کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں میں بھی تیزی آئے گی۔
انہوں نے اس معاہدے کو حکومت پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیل پاکستان اور امریکا کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پر 25 فیصد ٹیرف کی بات بھی زیر غور ہے، جس کا علاقائی سطح پر پاکستان کو فائدہ ہو سکتا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ حالیہ دنوں میں نائب وزیراعظم کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات جیسے اقدامات بھی اس کامیاب ڈیل کی کڑی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کی سفارتی کوششیں جاری رہیں گی اور مستقبل میں مزید مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔
Comments are closed.