پاکستان نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر یورپی پارلیمنٹ کے اراکین کی جانب سے یورپی کمیشن کو لکھے خط کا خیرمقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ کے اراکین کی جانب سے یورپی کمیشن کے صدراور نائب صدر کو لکھا گیا خط عالمی برادری کی جانب سے بھارت کی مذمت و ملامت کرنے کا ایک اور کھلا ثبوت ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالات ’معمول‘ پر ہونے کا مسلسل بھارتی پراپیگنڈہ بے سود اور ناکام ثابت ہوا۔
یورپی پارلیمنٹیرینز کے خط پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ حالات ”معمول“ پر ہونے کے جھوٹے اور خلاف حقیقت بیانیے کو پھیلانے کے لئے بھارت کا ایڑی چوٹی کا زور کام نہیں آیا اور مسلسل پراپگنڈے کے باوجود عالمی برادری کی جانب سے بھارت کی مذمت اور ملامت کا سلسلہ مزید زور پکڑتا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بہیمانہ جبرواستبداد میں کئی گنا اضافہ ہوا، سنگین صورتحال پر سلامتی کونسل میں کم ازکم تین مرتبہ مسئلہ جموں وکشمیر زیرغور آچکا ہے، 2018 اور 2019 میں انسانی حقوق کے لئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشن کے دفتر کی دو رپورٹس جاری ہوئیں جن میں آزادکمشن تشکیل دے کر بھارتی زیرقبضہ علاقوں میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کی پارلیمنٹس میں جموں وکشمیر کے مسئلے پر بحث ہوئی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو مسلسل بے نقاب کیا، یہ حقائق اس سچائی کی گواہی ہیں کہ حالات ”معمول“ پر ہونے کا بھارتی ڈھکوسلا محض دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کے مطالبات سے مودی سرکار آنکھیں چرا نہیں سکتی، آخر کار بھارت کو عالمی ضمیر اور رائے عامہ کے آگے ہتھیار ڈالنا پڑیں گے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ختم کرتے ہوئے سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے اقدامات کرنے پڑیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جائز موقف پر ثابت قدم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حقوق کے لئے پوری قوت سے آواز بلند کرتا رہے گا۔
Comments are closed.