پاکستان عالمی دباؤ قبول نہیں کرے گا، اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد — قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا بھر کی حمایت حاصل ہے، اور صرف چند ممالک نے بھارت کی جزوی حمایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران، سعودی عرب، قطر اور چین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ دیگر ممالک یا تو پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں یا غیر جانب دار ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حالیہ ڈرون حملے صرف پاکستانی اہداف کی شناخت کے لیے تھے، اور آئندہ چند روز میں پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج نے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے، جو جنگی تاریخ کا ایک سنگ میل ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی افواج جوابی پوزیشن میں ہیں اور مسلسل کارروائی جاری ہے۔ “قوم کو یقین ہونا چاہیے کہ ہماری افواج بھارت کے تمام عزائم کو خاک میں ملا چکی ہیں۔ دشمن کے حوصلے پست ہو چکے ہیں، اور اب پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔”

وزیر دفاع نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا اور اپنی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا، “ہم 200 فیصد تیار ہیں، لیکن ہماری افواج بھارت کی طرح سویلینز کو نشانہ نہیں بنائیں گی۔ ہمارا جواب ذمہ داری اور اصولوں پر مبنی ہے۔”

خواجہ آصف کا بیان عالمی سطح پر پاکستان کے دفاعی مؤقف کو مضبوط بنانے کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب جنوبی ایشیا میں کشیدگی عروج پر ہے۔

Comments are closed.