پاکستانی آئی ٹی ماہرین نے بھارتی سائبر حملے ناکام بنا دیے: وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی ہیکرز کی جانب سے پاکستان کی مختلف وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس پر سائبر حملے کیے گئے، تاہم پاکستانی آئی ٹی ماہرین نے ان تمام حملوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنا دیا۔

شزا فاطمہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ان حملوں کا کوئی نقصان نہیں ہوا، اور بھارتی ہیکرز کسی بھی سرکاری ویب سائٹ کو ہیک کرنے یا ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان حملوں کا ٹیلی کام نظام پر بھی کوئی اثر نہیں پڑا۔

انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی وزارتوں کی ویب سائٹس کی ہوسٹنگ نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NTC) پر ہے، جہاں جدید سائبر سیکیورٹی سسٹمز نصب ہیں۔ شزا فاطمہ نے بتایا کہ قومی اور صوبائی سطح پر کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیمز (CERTs) قائم کی جا چکی ہیں جو سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے مسلسل متحرک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ٹیکنیکل انٹیلیجنس سیکیورٹی بورڈ (NTISB) بھی مکمل طور پر فعال ہے اور حملوں سے متعلق مسلسل ایڈوائزریز جاری کر رہا ہے۔ انہوں نے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سائبر سیکیورٹی کے اعتبار سے دنیا کے ٹاپ ٹیئر ممالک میں شامل ہو چکا ہے اور اس کا نام اب امریکہ، برطانیہ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ لیا جا رہا ہے۔

شزا فاطمہ نے سوشل میڈیا پر پاکستانی نوجوانوں کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستانی میمز کے ذریعے بھارتی حملوں پر عوام نے منفرد انداز میں ردعمل دیا اور کشیدگی کو طنز و مزاح سے ہلکا کیا۔

آخر میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف کھڑا رہا ہے۔ ہم کسی بھی جارحیت سے خوفزدہ نہیں ہوتے بلکہ اپنے دفاع میں مکمل طور پر تیار ہیں۔

Comments are closed.