پاکستان کا سائبر حملہ: بی جے پی کی ویب سائٹ سمیت درجنوں بھارتی ادارے ہیک، حساس ڈیٹا لیک

اسلام آباد / نئی دہلی: پاکستان کی سائبر حملہ ٹیم نے بھارت کے خلاف ایک بڑی ڈیجیٹل کارروائی کرتے ہوئے بی جے پی کی آفیشل ویب سائٹ سمیت درجنوں اہم سرکاری اور سیکیورٹی اداروں کی ویب سائٹس ہیک کر کے نہ صرف ڈیٹا چوری کیا بلکہ کئی سائٹس کا مکمل ڈیٹا ہی مٹا دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ہیک کی جانے والی ویب سائٹس میں کرائم ریسرچ انویسٹی گیشن ایجنسی، ماہا نگر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ، بھارت ارتھ موورز لمیٹڈ اور آل انڈیا نیول ٹیکنیکل سپروائزری اسٹاف ایسوسی ایشن شامل ہیں۔ ان ویب سائٹس کا تمام مواد ڈیلیٹ کر دیا گیا۔

ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ پاکستان نے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ، بارڈر سیکیورٹی فورسز (BSF)، اور یونیک آڈنٹیفیکیشن اتھارٹی آف انڈیا (UIDAI) کے سرورز کو بھی نشانہ بنایا، جن سے حساس ڈیٹا لیک کر دیا گیا۔

ہیک کی گئی دیگر سائٹس میں انڈین ایئر فورس اور مہاراشٹر الیکشن کمیشن بھی شامل ہیں، جبکہ 2500 سے زائد سرویلنس کیمرے بھی پاکستانی سائبر ایکسپرٹس نے اپنے کنٹرول میں لے لیے۔

سائبر حملے کے سب سے بڑے نتائج میں سے ایک مہاراشٹرا اسٹیٹ الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن کمپنی لمیٹڈ کا مکمل ہیک ہونا ہے، جس کے نتیجے میں صوبے بھر میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔ اس حملے کے دوران نہ صرف بجلی کا نظام متاثر ہوا بلکہ تمام کمرشل و ڈومیسٹک میٹرز کا ڈیٹا بھی ختم کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا اور سیکیورٹی ادارے اس حملے کو ملکی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دے رہے ہیں۔ اس حملے نے بھارت کی سائبر سیکیورٹی کی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا ہے اور خطے میں ڈیجیٹل جنگ کے نئے باب کا آغاز کر دیا ہے۔

Comments are closed.