پاکستان کی ترسیلات زر نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا، 9 ماہ میں 28 ارب ڈالر سے تجاوز

اسلام آباد: پاکستان کی ترسیلات زر نے ملکی تاریخ کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے نیا سنگ میل عبور کر لیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ترسیلات زر 28 ارب ڈالر کی سطح کو عبور کر گئی ہیں۔

مارچ 2025 میں ترسیلات زر کی ماہانہ آمد پہلی بار 4 ارب 10 کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔ یہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 37.3 فیصد اور گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 29.8 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں جن کی مالیت 98 کروڑ 73 لاکھ امریکی ڈالر رہی۔

اس کے بعد متحدہ عرب امارات سے 84 کروڑ 21 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 68 کروڑ 39 لاکھ ڈالر جبکہ امریکا سے 41 کروڑ 95 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

معاشی ماہرین کے مطابق ترسیلات زر میں اس تیزی سے اضافے سے ملک کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

Comments are closed.