عوام نے نواز شریف اور مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا:عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں لیگی امیدواروں کی بھاری لیڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ مریم نواز کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چور چور کی گردان کرنے والوں کے حصے میں اب صرف دھاندلی کا شور باقی رہ گیا ہے۔

کارکردگی کی بنیاد پر ملنے والا ووٹ

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عوام نے ان منصوبوں کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا جنہوں نے براہ راست لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ مفت ادویات، گھروں تک انسولین کی فراہمی، ہیلتھ کلینکس اور فیلڈ ہسپتالوں کی بہتری، بی ایچ یوز کی اپ گریڈیشن اور کسانوں کے لیے دیے گئے اقدامات کا اعتراف ہے۔ مزید کہا کہ فری ٹریکٹر، فری سپر سیڈر، ٹیوب ویل سولرائزیشن اور کسان کارڈ جیسے منصوبوں نے عوامی حمایت کو مضبوط کیا۔

فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کا اثر

ان کا کہنا تھا کہ یہ ووٹ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار گھروں، نواز شریف کینسر ہسپتال، کارڈیالوجی ہسپتال، اسکالرشپس، الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک بسوں جیسے منصوبوں پر ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام اور مریم نواز کے ویژن نے بھی عوامی اعتماد کی فضا پیدا کی ہے۔

ہری پور کی جیت کا سیاسی اثر

وزیر اطلاعات نے کہا کہ لیگی امیدواروں نے 20 ہزار سے 1 لاکھ 20 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے کامیابی حاصل کی، جبکہ ہری پور میں بابر نواز کی فتح نے جعلی تبدیلی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ ان کے مطابق مخالفین کی سیاست اب بس ایک ہی بیانیے تک محدود ہو گئی ہے۔

Comments are closed.