عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا ہے،عمران خان ہی وزیراعظم ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےلطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو ووٹوں کی گنتی کے دوران باہر نکال دیا گیا، الیکشن میں تحریک انصاف کو ہاتھ پاؤں باندھ کر میدان جنگ میں اتارا گیا، عوام نے بھرپور انداز میں بتایا کہ ظلم کا بدلہ ووٹ سے لیں گے، عوام نے ظلم کا بدلہ ووٹ سے لیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو تسلسل سے پابند سلاسل کیا گیا، عوام نے بتایا بانی پی ٹی آئی نہ باغی ہیں نہ مجرم، انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کو ایک ہفتے میں تین سزائیں دی گئی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی سزاؤں کو کالعدم قرار دیا جائے، ہم آزاد نہیں ہیں یہ شوشہ انہوں نے کس طرح ایجاد کردیا، ہم نے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی لکھا تھا، ہم سے صرف بلا لیا گیا ، ہم بلا لینے گئے تھے انہوں نے سارا جہیز کا سامان دے دیا، اس الیکشن میں ووٹرز خود امیدوار کو ڈھونڈ رہے تھے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں آزاد کہنا غیر قانونی و غیر آئینی ہے، فارم 45کے مطابق ہمارے 170امیدوار جیت رہے ہیں، ہمارا تقاضا ہے آرٹیکل 45کے مندرجات کے مطابق نتیجے کا اعلان کریں، این اے 163بہاولنگر میں پی ٹی آئی نمبر ون اور مسلم لیگ ن دوسرے نمبر پر ہے، جو 45ہزار ووٹوں سے ہار رہا ہے اس کو جتوادیا گیا ہے۔

لطیف کھوسہ کاکہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق نے جمہوری روایات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے شکست تسلیم کی، خواجہ سعد رفیق نے مجھے فون کرکے مبارکباد دی، میں نے خواجہ سعد رفیق کو کہا کہ اپنے بڑوں کو بھی ایسے روایات دیں، خواجہ آصف ،ریحانہ ڈار سے ہار گئے ان کو شکست تسلیم کرنی چاہیے، خواجہ آصف اسمبلی میں کہتے تھے کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے، میں خواجہ آصف سے کہنا چاہتا ہوں کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا ہے، آپ کو بانی پی ٹی آئی کو واپس لانا پڑے گا، بانی پی ٹی آئی ہی ہمارے ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.