وزیراعظم کا سیلاب سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کیلئے جلد بڑا منصوبہ لانے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت سیلاب کے باعث پیدا مسائل کے مستقل حل کیلئے جلد بڑے منصوبے کا اعلان کرے گی، کراچی کے عوام کو مشکل اس کی گھڑی میں تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو طوفانی بارشوں کے باعث ملک بھر بالخصوص کراچی میں عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشنز کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں، اس کے ساتھ چیئرمین این ڈی ایم اے اور گورنر سندھ سے باقاعدگی کے ساتھ صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے قدرتی آفات کے باعث پیدا صورتحال سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین کو سیلابی صورتحال میں پھنسے افراد کی مدد کے ساتھ ساتھ طبی امداد، خوراک اور رہائش فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم کو بنیادی ضروریات کی ہنگامی بنیادوں پر بحالی کا بھی حکم دیا ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت سیلابی صورتحال سے پیدا مسائل کے مستقل حل کے منصوبے کا اعلان کرنے جا رہی ہے جس میں نالوں کی صفائی، سیوریج سسٹم کے مسائل کا حل اور کراچی کے عوام کو پانی فراہمی شامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم کراچی کے عوام کو بحرانی صورتحال میں بالکل بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

Comments are closed.