کالا شاہ کاکو میں گندم انیشیٹو پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سب کو پاکستان کی فتح مبارک ہو، قوم پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح ملکی سلامتی میں کردار ادا کیا، قوم نے افواجِ پاکستان کی مکمل حمایت کی، اور یہی اتحاد پاکستان کی کامیابی کی اصل طاقت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ افواج پاکستان نے “آپریشن بنیانِ مرصوص” کے تحت بھارت کو شکست دی، یہ صرف سرحدوں کی جنگ نہیں بلکہ نظریات اور جذبے کی جنگ تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا امن ہماری ریڈ لائن ہے اور تمام سیاسی قیادت کے لیے بھی پاکستان کو ریڈ لائن ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ نفرت کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے، ہمیں اپنی ذاتی انا کو قربان کر کے ملکی مفاد کو ترجیح دینی ہوگی۔ انہوں نے وزیراعظم اور آرمی چیف کو عظیم فتح پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عسکری و سیاسی قیادت نے مل کر ملک کا دفاع کیا۔
معاشی کامیابی اور کسانوں کیلئے انقلابی اقدامات
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں حیران کن استحکام آیا ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے، اشیائے خورونوش سستے داموں دستیاب ہیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو چکا ہے، جبکہ اسٹاک ایکسچینج میں غیرمعمولی تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
انہوں نے زرعی شعبے میں انقلابی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 5 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔ جس کسان نے 10 ایکڑ پر گندم اگائی، اسے 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ دنیا کے بڑے اخبارات پاکستان کی معیشت کو “معجزہ” قرار دے رہے ہیں۔
کسانوں کے لیے سبسڈی اور مفت ٹریکٹرز کا اعلان
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ کاشتکاروں کو 10 کے وی سولر سسٹم پر 95 فیصد اور 15 کے وی سولر سسٹم پر 90 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے سستی کھاد، بیج اور سپر سیڈر پر سبسڈی دینے کا اعلان بھی کیا۔
پہلے مرحلے میں 9500 گرین ٹریکٹر شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کاشتکاروں کو فراہم کیے گئے، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 25 ہزار ٹریکٹر سبسڈی پر فراہم کیے جائیں گے۔
مزید برآں، 150 ارب روپے کی لاگت سے “وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ” کا اجرا کر دیا گیا ہے، جس سے ساڑھے 7 لاکھ کاشتکار مستفید ہوں گے۔
Comments are closed.