صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا کرم واقعے پر اظہار مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کرم میں سرکاری قافلے پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

صدر زرداری نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام دشمن عناصر فساد پھیلانا چاہتے ہیں، لیکن حکومت ان کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور عوام ان کے ارادوں کو ناکام بنائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی لوئر کرم کے علاقے بگان میں فائرنگ کی مذمت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، لیکن حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے اور انسانیت کے دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ حکومت ملک میں امن و سکون قائم رکھنے کے لیے اپنی تمام کوششیں جاری رکھے گی۔

Comments are closed.