اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید الاضحٰی کے پرمسرت موقع پر ایوان صدر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے پارٹی ورکرز کو عید کی دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی وفاداری اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اپنے خطاب میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ “ہمارے ورکرز ہماری اصل طاقت ہیں، جنہوں نے ہر کٹھن وقت میں پارٹی کا ساتھ نبھایا۔ ہمیں اپنے ملک اور دھرتی سے وفا کرتے ہوئے اس کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط اور خود کفیل بنانے کے لیے ہمیں زراعت کے شعبے کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ زراعت ہماری معیشت کی بنیاد ہے، اور کسانوں کی مدد کر کے ہم قومی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔
صدر مملکت نے بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی شدت پسندی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “بھارت میں اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں اور عیسائیوں، کو شدید تعصب اور ظلم کا سامنا ہے۔ ہندوتوا کا شدت پسندانہ نظریہ نہ صرف بھارت بلکہ پورے خطے کے لیے خطرناک بنتا جا رہا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی طور پر اس خطے کا لازمی جزو ہیں اور ان کے حقوق اور وجود کو تسلیم کرنا ہوگا۔
آخر میں صدر زرداری نے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ ملکی خوشحالی اور استحکام کے لیے باہم متحد ہو کر کام کریں۔
Comments are closed.