اسلام آباد: بھارت کے خلاف پاکستان کے آپریشن بنیان المرصوص کے آغاز کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی (NCA) کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، آرمی چیف اور دیگر سروسز چیفس شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں موجودہ صورتِ حال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور بالخصوص نیوکلیئر اثاثوں سے متعلق حکمتِ عملی پر مشاورت کی جائے گی۔ نیشنل کمانڈ اتھارٹی وہ اعلیٰ ترین ادارہ ہے جو پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں اور ان سے متعلق پالیسیوں کا فیصلہ کرتا ہے۔
واضح رہے کہ فجر کے وقت پاکستان نے دشمن کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے آپریشن بنیان المرصوص کا آغاز کیا۔ اس دوران بھارت کی اہم عسکری تنصیبات جیسے ادھم پور ایئربیس، پٹھان کوٹ ایئربیس اور براہموس میزائل اسٹوریج کو فتح-1 میزائل سے نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔ یہ کارروائی بھارت کی جانب سے پاکستان کے نورخان، مرید اور شورکوٹ ایئر بیسز پر کیے گئے میزائل حملوں کے ردعمل میں کی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیشِ نظر اعلیٰ سطحی مشاورت کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
Comments are closed.