وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد سے ریاض روانہ ہو گئے۔وزیراعظم ریاض میں 29 سے 31 اکتوبر کو منعقد ہونے والے آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’’ لا محدود آفاق: آئندہ کل کی تعمیر کیلئے آج سرمایہ کاری‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والی آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے ممالک شریک ہونگے۔شریک ممالک اپنے معیشت کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار مستقبل کیلئے مشاورتی عمل کا حصہ بنیں گے۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کانفرنس میں مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، تعلیم، توانائی، خلاء، صحتِ عامہ اور پائیدار ترقی کے حوالے سے دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے گفتگو و مشاورت ہوگی۔اپنے دو روزہ دورہ سعودی عرب میں وزیرِ اعظم کی سعودی اعلی قیادت سے ملاقات بھی ہوگی ۔وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
ان ملاقاتوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین موجود دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، توانائی، معدنیات، زراعت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیر اعظم کی آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں شرکت پر آنے والے عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں ۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیرنجکاری عبدالعلیم خان، وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
Comments are closed.