وزیر اعظم شہباز شریف: آئی پی پیز سے مذاکرات سے اربوں کا فائدہ، غزہ میں مظالم کی شدید مذمت

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی پی پیز (انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز) سے مذاکرات کے نتیجے میں ملک کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے، جو توانائی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کے خلاف جنگ میں تاریخی فتح حاصل کی جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل کے فرنٹ سے لیڈ کرنے، ایئر فورس کی شاندار کارکردگی اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، جس سے بھارت کو ایسی شکست دی گئی جس کا آج بھی ذکر ہوتا ہے۔

وزیر اعظم نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے حالیہ کامیاب دورۂ امریکہ کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ ان کی امریکی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔

شہباز شریف نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر ڈیجیٹل ٹکٹنگ سسٹم کے نفاذ کو انقلابی قدم قرار دیا اور کہا کہ تمام وزارتوں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانی ہو گی۔ انہوں نے وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا جن کی بدولت توانائی کے شعبے میں مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہاں ظلم و ستم کی ایسی مثال تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی حالت دیکھنا دل دہلا دینے والا منظر ہے، اور پاکستان کا موقف غزہ کے معاملے پر بالکل واضح ہے۔ شہباز شریف نے بتایا کہ مصر اور اردن کے ذریعے غزہ کے لیے فوری امداد بھجوائی جا رہی ہے۔

اجلاس میں ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر بھی بات کی گئی، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں۔ وزیر اعظم نے اس حوالے سے متاثرہ علاقوں کے لیے اقدامات کا اعلان کیا اور قدرتی آفات میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی۔

Comments are closed.