کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے تیسرے میچ میں کراچی کنگز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کر لی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس دلچسپ میچ میں کراچی کنگز نے 237 رنز کا بڑا ہدف آخری اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
میچ کا آغاز کراچی کنگز کے ٹاس جیتنے کے ساتھ ہوا، جس میں انہوں نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کے ساتھ مائیکل بریسویل نے بھی 36 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، جبکہ عثمان خان نے 19، کامران غلام نے 36 اور شائی ہوپ نے 8 رنز بنائے۔ مجموعی طور پر ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 236 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی، خوشدل شاہ اور عرفان خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ کا آغاز کچھ خاص نہ رہا، جب اوپنر شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ تاہم جیمز ونس نے ایک شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 101 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ ٹم سیفرٹ نے 32، ڈیوڈ وارنر نے 12، عرفات منہاس نے 10 رنز بنائے جبکہ عباس آفریدی اور عرفان خان بالترتیب 9 اور 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عاکف جاوید نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسامہ میر اور مائیکل بریسویل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے لیے حوصلہ افزا رہی بلکہ پی ایس ایل 10 کو بھی دلچسپ مرحلے میں داخل کر دیا۔
Comments are closed.