بانی پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے تیار ہیں، مینڈیٹ کی واپسی ملک کی ضرورت ہے: علی امین گنڈا پور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان ملک کے مفاد میں مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہمارے مینڈیٹ کی واپسی صرف ہماری نہیں بلکہ پورے ملک کی ضرورت ہے”۔

انہوں نے بتایا کہ دو ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے جس میں انہیں حکومتی امور، بجٹ کی صورتحال اور دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ علی امین کے مطابق عمران خان نے کہا کہ “جب اندھیرا حد سے بڑھ جائے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ سویرا قریب ہے۔ ریاست کو ڈنڈے کے زور پر نہیں چلایا جا سکتا”۔

وزیراعلیٰ نے متنبہ کیا کہ اگر پارٹی قیادت کو عمران خان سے ملاقات کا موقع نہ دیا گیا تو پی ٹی آئی آئی ایم ایف کی شرائط پر حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے تقاضے پورے کیے جائیں اور جو ادارہ جس کام کا ذمہ دار ہے، وہ اپنا کردار ادا کرے۔

علی امین گنڈا پور نے عمران خان کے مقدمات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عدالتوں میں کیسز لگائے جائیں اور انہیں سنا جائے تاکہ انصاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ “ہم نے احتجاج کیے مگر ہمیں روکا گیا، گولیاں ماری گئیں، ہم کارکنوں کو قربان نہیں کر سکتے، ان کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے”۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر مذاکرات کی بات ہو تو عمران خان مکمل تیار ہیں، اور ان کی قیادت میں جاری سیاسی تحریک آئین کی بالادستی کے لیے ہے۔ عمران خان نے احتجاجی تحریک کی قیادت کے لیے دوبارہ علی امین گنڈا پور کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔

Comments are closed.