پی ٹی آئی افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، جنگ میں کامیابی پاکستان کے لیے اعزاز ہے: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ کی فضا ابھی بھی قائم ہے لیکن اللہ تعالیٰ نے پاکستان اور اس کی افواج کو عظیم کامیابی سے نوازا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 1971 اور 1965 کی جنگوں کے مقابلے میں یہ جنگ کہیں زیادہ خطرناک تھی کیونکہ دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں۔ ایسی صورتحال میں پاکستان کی فتح ایک بڑا اعزاز ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انڈیا کا غرور خاک میں مل چکا ہے، اور آئندہ بھی اگر دشمن نے جارحیت کی کوشش کی تو پوری قوم مل کر جواب دے گی۔

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ اتحاد اور یگانگت قائم رکھیں کیونکہ یہی کامیابی کا راز ہے۔

مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے: چیئرمین پی ٹی آئی

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک بڑی سیاسی جماعت ہے اور بانی پی ٹی آئی ایک قومی لیڈر ہیں، لہٰذا ان کے خلاف سختیوں کو ختم کیا جانا چاہیے تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔

افواج سے کوئی جھگڑا نہیں، فوج کا سیاست میں کردار نہیں ہونا چاہیے

انہوں نے فیلڈ مارشل کے عہدے پر جنرل عاصم منیر کی تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عہدے کے بعد آرمی چیف پر مزید ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا افواجِ پاکستان کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہے بلکہ ہم ہمیشہ فوج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، تاہم فوج کو سیاست سے دور رہنا چاہیے تاکہ جمہوری نظام مضبوط ہو۔

Comments are closed.