وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مارچ 2025ء میں ترسیلاتِ زر 4.1 ارب ڈالر کی تاریخی سطح تک پہنچنے پر سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ یہ ترسیلات ایک ماہ میں ریکارڈ کی گئی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ترسیلات زر کا مجموعی حجم 28 ارب ڈالر تک جا پہنچا ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارچ 2024ء کے مقابلے میں مارچ 2025ء میں ترسیلات زر میں 37.4 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی محنت، لگن اور اعتماد کا مظہر ہے۔
اسلام آباد میں جاری “اوورسیز پاکستانیز کنونشن” کے موقع پر ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے کی خبر نے قومی سطح پر خوشی کی لہر دوڑا دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترسیلات زر میں یہ اضافہ حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں پر اعتماد کی دلیل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانی بیرونِ ملک اپنی محنت سے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ اپنی ترسیلات کے ذریعے ملکی معیشت کو سہارا دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو ان محنت کش پاکستانیوں پر فخر ہے، اور حکومت ان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
Comments are closed.