سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے:مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضلع ملتان کے قاسم بیلہ فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اپنے دورے کے دوران وہ متاثرہ خواتین اور بچوں میں گھل مل گئیں، بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی ضروریات کے بارے میں دریافت کیا۔

بچوں اور خواتین میں تحائف کی تقسیم

مریم نواز نے بچوں میں بسکٹ، چاکلیٹ، جوس اور وردی پیک تقسیم کیے جبکہ کئی بچوں کو خود اپنے ہاتھوں سے جوتے بھی پہنائے۔ انہوں نے خواتین کو ملبوسات اور گھریلو استعمال کی اشیاء پیش کیں۔ وزیراعلیٰ بچوں کے درمیان بیٹھ کر ان سے حروفِ تہجی اور دیگر دلچسپ سوالات کرتی رہیں، جس سے ریلیف کیمپ کا ماحول خوشگوار ہو گیا۔

متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی

وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ گھروں کی بحالی اور متاثرین کی بحفاظت واپسی کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کیمپ میں صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کی ہدایت دی۔

انتظامی بریفنگ اور ہدایات

کمشنر ملتان عامر کریم اور ڈپٹی کمشنر وسیم سندھو نے وزیراعلیٰ کو ریلیف کیمپ کے انتظامات پر بریفنگ دی۔ مریم نواز نے بچوں کے لیے کھانے، دودھ اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر انہیں مظفرگڑھ کے علاقے ہیڈ محمد والا میں موجودہ سیلابی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

حکومت کی ترجیح: متاثرین کی بحالی

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ہیلتھ، ریسکیو اور دیگر کاؤنٹرز فعال رکھے جائیں تاکہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت میسر ہو۔

https://www.facebook.com/share/v/1B7hxrSjCz/

 

Comments are closed.