سہیل آفریدی قانون پڑھیں، جیل ملاقاتوں کا وزیراعلیٰ پنجاب سے کوئی تعلق نہیں:عظمیٰ بخاری

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو لکھے گئے خط پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیل ملاقاتوں کے معاملات وزیراعلیٰ پنجاب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے اور سہیل آفریدی کو قانون پڑھنے کی ضرورت ہے۔

عظمیٰ بخاری کا ردعمل

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سہیل آفریدی ہمیں قانون پڑھانے سے پہلے خود قانون کا مطالعہ کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتوں کا وزیراعلیٰ پنجاب سے کوئی تعلق نہیں اور مریم نواز کسی سرکاری افسر کے کام میں مداخلت نہیں کرتیں۔

 ملاقاتوں کا ریکارڈ

صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سابق وزیراعظم عمران خان سے ہفتے میں دو دن ملاقاتیں ہوتی ہیں اور اب تک ان سے وکلا کی 420 جبکہ اہل خانہ کی 189 ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی دوسروں کو قانون پڑھانے کے بجائے اپنے مؤقف میں سنجیدگی لائیں۔

جیل رولز

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جیل رولز کے تحت سیاسی نوعیت کی ملاقاتوں کی اجازت نہیں ہوتی اور اس حوالے سے فیصلہ سازی کی حتمی اتھارٹی جیل سپرنٹنڈنٹ کے پاس ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بشریٰ بی بی کے اہل خانہ کی ملاقاتیں جیل رولز کے مطابق ہیں کی مگر ہر ہفتے جیل کے باہر جلسہ کرنا قانون سے ہٹ کر ہے۔

سرکاری افسران کو دھمکیاں

اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی 9 مئی کے سزا یافتہ مجرموں کے ساتھ کھڑے ہو کر جلسے کرتے ہیں اور سرکاری افسران کو دھمکیاں دیتے ہیں، جو ناقابل قبول رویہ ہے۔

Comments are closed.