وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ بیرسٹر سیف کا بھارتی وزیر خارجہ کو ریاست مخالف احتجاج میں شرکت کی دعوت دینا ملک دشمنی کا آخری لیول ہے، تحریک انصاف کے ڈی این اے میں پاکستان مخالف جراثیم دوڑتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔
وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ بیرسٹر سیف کا بھارتی وزیر خارجہ کو ریاست مخالف احتجاج میں شرکت کی دعوت دینا ملک دشمنی کا آخری لیول ہے،اب دیکھتے ہیں اسرائیلی مددگاروں کو احتجاج کی دعوت کب ملتی ہے؟،تحریک انصاف کے ڈی این اے میں پاکستان مخالف جراثیم دوڑتے ہیں، ان لوگوں میں ملکی وقار،ملکی سالمیت اور خود مختاری جیسی سوچ دور دور تک موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے عزائم سے ثابت کر تی ہے کہ اس کا مشن ملکی جڑوں کو کھوکھلا کرنا ہے، فتنہ پارٹی کے ریاست مخالف احتجاج میں افغان شہریوں کی شرکت کئی سوالات کھڑے کر رہی ہے، اسلام آباد سے بڑی تعداد میں فتنہ پارٹی کے احتجاج میں شریک افغان شہریوں کی گرفتاری ان کے عزائم بے نقاب کرتی ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی نے قسم کھائی ہے کہ پاکستان میں امن اور خوشحالی قائم نہیں رہنے دینی، اس فتنے کیلئے اسرائیلی، افغانی اور بھارتی لابیاں کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام باشعور اور عقلمند ہیں اسی لئے پنجاب کے لوگوں نے اڈیالہ جیل کے قیدی کے بیانیہ کو مسترد کر دیا ہے، خیبر پختونخواہ کے عوام کے حالات قابل رحم ہیں ان کیلئے دعا گو ہیں وہ جلد اس فتنے کی حقیقت دیکھیں۔
Comments are closed.