خضدار میں اسکول بس پر دہشتگرد حملہ، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید

بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول کے معصوم بچوں کو اُس وقت دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا جب ایک اسکول بس پر بزدلانہ خودکش حملہ کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید ہوئے جبکہ 38 سے زائد بچے زخمی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اس سفاکانہ کارروائی کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی اور بلوچستان میں موجود بھارتی پراکسیز کے ذریعے اس پر عمل درآمد کرایا گیا۔ میدانِ جنگ میں ناکامی کے بعد بھارت نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی اخلاقی پستی کی انتہا کر دی۔

آئی ایس پی آر نے اس حملے کو ریاستی سطح پر دہشتگردی کے استعمال کی واضح مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سیاسی قیادت کی یہ پالیسی بنیادی انسانی اقدار کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز حملے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں، سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق تمام زخمی بچوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ خضدار منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والا دھماکہ انتہائی طاقتور تھا جس سے بس کو شدید نقصان پہنچا۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پوری پاکستانی قوم اور افواج مل کر بھارتی سرپرستی میں کی جانے والی دہشتگردی کو ناکام بنائیں گے اور دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھایا جائے گا۔

Comments are closed.