وفاقی کابینہ کا اجلاس حکومت آئینی ترمیم کیلئے پر امید
پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی کابینہ نے مجوزہ آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی۔
کابینہ اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل نے ارکان کو آئینی ترمیم بارے بریف کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ نے حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان طے شدہ مسودے کی منظوری دی ہے، منظور شدہ مسود پر جمعیت علمائے اسلام بھی متفق ہے، کابینہ اجلاس میں پرانے مسودے کی منظوری دی گئی ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر مصدق ملک نے بتایا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی جانب سے دیئے گئے مسودے کی منظوری دی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی جس میں آئینی ترمیم پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور صدر کو اعتماد میں لیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کابینہ اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔ہمارے پاس بہت سے آپشنز دستیاب ہیں۔آپشن اے پر عمل نہ ہوا تو بی او سی بھی موجود ہیں۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ کسی ایک آپشن کے تحت آئینی ترمیم منظور ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں آئینی ترامیم کے بل کی منظوری دیئے جانے کا امکان تھا۔
دوسری جانب سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے جب کہ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 6 بجے ہوگا۔
Comments are closed.