حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل آج سے شروع، پہلی پرواز 11 جون کو اسلام آباد پہنچے گی

اسلام آباد: حجاج کرام کی وطن واپسی کا آپریشن آج سے باقاعدہ طور پر شروع ہو رہا ہے۔ اس عمل کے دوران ملک بھر کے مختلف ایئرپورٹس پر درجنوں پروازیں لینڈ کریں گی، جن کے ذریعے سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، حجاج کرام کی پہلی پرواز 11 جون کو صبح 3 بج کر 50 منٹ پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے گی۔ اسی روز دوسری پرواز ایس وی 3722 صبح 9 بج کر 10 منٹ پر اسلام آباد میں لینڈ کرے گی۔

11 جون کو ہی لاہور ایئرپورٹ پر تیسری پرواز صبح 11 بج کر 50 منٹ پر جبکہ چوتھی پرواز دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر دوبارہ اسلام آباد پہنچے گی۔ پانچویں پرواز 12 بج کر 35 منٹ پر ملتان ایئرپورٹ پر اترے گی، چھٹی پرواز دوپہر 1 بج کر 35 منٹ پر کراچی پہنچے گی، جبکہ ساتویں پرواز 2 بج کر 30 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔

حجاج کرام کی آٹھویں پرواز 12 جون کو صبح 5 بج کر 20 منٹ پر اسلام آباد پہنچنے کی اطلاع ہے۔

حج فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ اختتام 10 جولائی کو ہو گا، جب تمام پاکستانی حجاج وطن واپس آ چکے ہوں گے۔ اس ایک ماہ طویل آپریشن کے دوران 342 حج پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 88 ہزار 390 حاجیوں کو واپس لایا جائے گا۔

اس بڑے پیمانے کے فلائٹ آپریشن میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA)، نجی ایئرلائنز اور سعودی ایئرلائنز شامل ہوں گی، تاکہ حجاج کرام کو محفوظ، آرام دہ اور بروقت سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی، وزارت مذہبی امور، اور دیگر متعلقہ اداروں نے اس سلسلے میں مکمل انتظامات مکمل کر لیے ہیں، تاکہ حاجیوں کی واپسی کا مرحلہ خوش اسلوبی سے مکمل ہو

Comments are closed.