کراچی کینٹ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن مکمل؛وزیراعظم شہباز شریف کا افتتاح

کراچی کینٹ اسٹیشن کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن منصوبے کا افتتاح وزیراعظم شہباز شریف نے کیا۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے جدید سہولیات، نئی ٹرین سروسز اور ریلوے کے مجموعی نظام میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان ریلوے کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

وزیراعظم کا اظہارِ اطمینان
کراچی کے تاریخی کینٹ اسٹیشن کی شاندار اپ گریڈیشن مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسٹیشن کی تزئین و آرائش قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے فرسٹ کلاس اور اکانومی کلاس کے نئے معیار کو “قابلِ دید” قرار دیتے ہوئے کہا کہ شالیمار ایکسپریس کو ایک نئی، جدید ٹرین کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔

حکومتی اصلاحات کا حصہ
وزیراعظم نے بتایا کہ مسافروں کی نئی انتظار گاہ، ڈائننگ روم اور خودکار ٹکٹنگ سسٹم ریلوے کے جدید دور کی طرف قدم ہے۔ انہوں نے ٹرین کو آؤٹ سورس کرنے کے فیصلے کو کامیاب حکمتِ عملی قرار دیتے ہوئے وزیر ریلوے حنیف عباسی کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔

ریلوے نظام کا مسئلہ 
شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کبھی روشنیوں کا شہر تھا مگر اس کا ریلوے نظام بوسیدہ ہو چکا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیشن کی صفائی کا کام کراچی ویسٹ مینجمنٹ کے سپرد کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر وسطی ایشیا تک ریلوے روٹ بحال ہو جائے تو ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔

ریلوے کی اپ گریڈیشن کا روڈ میپ
وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے کی اپ گریڈیشن کے لیے درکار رقم فوری فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی کی قیادت میں پاکستان ریلوے جدید نظام کی طرف گامزن ہے اور صوبوں کے ساتھ ریلوے تعاون کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ پارٹنرشپ کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا تک بڑھانے کا بھی اعلان کیا گیا۔

فریٹ سسٹم، سرکلر ریلوے اور مستقبل کے منصوبے
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا اور فریٹ سسٹم کو مکمل طور پر منظم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے لائن انتہائی ناگزیر منصوبہ ہے اور اس پر مل کر کام کیا جائے گا۔ ملک بھر میں ریلوے اسٹیشنز پر جدید سہولیات فراہم کرنے اور پرانی عمارتوں کی تزئین و آرائش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

وزیر ریلوے کی کارکردگی کا اعتراف
اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اپنی کارکردگی سے ناقدین کے اعتراضات کا عملی جواب دیا ہے، اور امید ہے کہ چند برسوں میں پاکستان ریلوے خطے کے بہترین ٹرانسپورٹ نظاموں میں شمار ہوگا۔

Comments are closed.