امریکا نے بھارت کو جیولن میزائل سسٹم اور توپ خانے کے فروخت کی منظوری دے دی

امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت کے لیے 93 ملین ڈالر مالیت کے جیولن اینٹی ٹینک میزائل سسٹم اور ایکس کیلِبَر گائیڈڈ آرٹلری کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، جو حالیہ تجارتی کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلا بڑا دفاعی معاہدہ ہے۔

امریکا کی منظوری

یو ایس ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی کے مطابق بھارتی حکومت نے 100 جیولن اینٹی ٹینک میزائل سسٹمز اور 216 تک ایکس کیلِبَر ٹیکٹیکل پروجیکٹائلز خریدنے کی درخواست کی تھی، جس کی اب باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔ایجنسی نے کہا کہ یہ فروخت امریکا کے خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے اہداف کے مطابق ہے، کیونکہ بھارت ہند–بحرالکاہل اور جنوبی ایشیا میں ایک اہم اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔

 دفاعی ڈیل

یہ خریداری اس وقت سامنے آئی ہے جب گزشتہ مہینوں میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی مصنوعات پر محصولات دوگنا کرکے 50 فیصد تک بڑھائے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ پیدا ہوا تھا۔
منظوری کے بعد یہ بھارت کی امریکا سے پہلی بڑی دفاعی خریداری ہے۔

 ایکس کیلِبَر 

یو ایس ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی  کے مطابق بھارت اپنی M-777 ہاؤٹزر توپوں میں پہلے ہی ایکس کیلِبَر گائیڈڈ آرٹلری استعمال کر رہا ہے، جس کے باعث نئے پروجیکٹائلز اس کی موجودہ فائر پاور اور رینج کو مزید بہتر بنائیں گے۔

امریکی دفاعی کمپنیاں

اس دفاعی پیکج کے مرکزی ٹھیکیدار

آر ٹی ایکس  کارپوریشن (ایکس کیلِبَر پروجیکٹائلز کے لیے)

لاک ہیڈ مارٹن اور آر ٹی ایکس کا مشترکہ منصوبہ (جیولن سسٹمز کے لیے)

یہ کمپنیاں جدید دفاعی ٹیکنالوجی فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

علاقائی اثرات اور اسٹریٹجک اہمیت

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاہدہ امریکا–بھارت دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا، خصوصاً خطے میں چین کے بڑھتے اثرورسوخ اور اسٹریٹجک مقابلے کے تناظر میں۔

Comments are closed.