امریکہ: ریاست جارجیا کے اسکول میں طالبِ علم کی فائرنگ ؛4 افراد ہلاک

امریکہ کی ریاست جارجیا کے ایک ہائی اسکول میں 14 سالہ طالبِ علم کی فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور نو زخمی ہو گئے ہیں۔

فائرنگ کا واقعہ اٹلانٹا شہر سے 70 کلومیٹر دور وینڈر نامی ایک ٹاؤن کے ہائی اسکول میں پیش آیا ہے۔

سیکیورٹی حکام نے فائرنگ کرنے والے مشتبہ طالبِ علم کو حراست میں لے لیا ہے۔ البتہ پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ حملہ آور نے اسکول میں فائرنگ کیوں کی اور ساتھی طالبِ علم کو نشانہ کیوں بنایا۔

جارجیا کے بیورو آف انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹر کرس ہوسی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو طالبِ علم اور دو اساتذہ شامل ہیں۔

جارجیا بیورو آف انویسٹی گیشن نے سوشل میڈیا پر ہلاک ہونے والے افراد کی تفصیلات جاری کی ہیں جن میں 14 سالہ طالبِ علم شیرمرہون، 14 سالہ کرسٹین انگولو، 53 سالہ خاتون ٹیچر کرسٹینا ایریمی اور 39 سالہ استاد رچرڈ اسپینوال شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ نو زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

جارجیا بیورو آف انویسٹی گیشن نے واضح کیا ہے کہ حملہ آور کو زندہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کی ہلاکت سے متعلق زیرِ گردش افواہیں درست نہیں ہیں۔

کرس ہوسی کے مطابق فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی اسکول میں موجود دو سیکیورٹی افسران نے چند منٹ میں اس پر ایکشن لیا جس پر مشتبہ حملہ آور نے ہتھیار ڈالتے ہوئے خود کو ان کے حوالے کر دیا تھا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی’ کے مطابق مشتبہ حملہ آور نے خود کار رائفل کا استعمال کیا جب کہ اس پر بالغ افراد کے لیے موجود جرم کی دفعات عائد کی جا رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ فرد نے تنہا ہی یہ کارروائی کی تھی۔ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.