افواجِ پاکستان سے گلے سہی، مگر جنگ میں دو قدم آگے ہوں گے: فضل الرحمان

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بھارت نے نہ صرف پاکستان کی سرحدی خلاف ورزی کی بلکہ ہماری مساجد اور مدارس کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آج جمعہ 10 مئی کو ملک بھر میں “یومِ دفاعِ وطن” منایا جا رہا ہے، اور اسی تسلسل میں 11 مئی کو پشاور اور 15 مئی کو کوئٹہ میں ملین مارچ کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں پاکستان کے مؤقف کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ اختلافات موجود ہیں لیکن جب وطن عزیز کی بات آئے گی، تو ہم فوج سے دو قدم آگے ہوں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر جاری جنگی پروپیگنڈے کو روکنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے اپنی تنظیم انصار الاسلام کے کارکنان کو شہری دفاع کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی کی، اور کہا کہ موجودہ حالات قومی یکجہتی اور واحد بیانیے کا تقاضا کرتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ تباہ ہو چکا ہے، لوگ بے گھر ہیں، یہ وقت ہے کہ ہم اپنے دفاعی اداروں کو مکمل سپورٹ کریں اور ان کے پیچھے مضبوطی سے کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ہے، اس میں پھول نہیں، آگ برستی ہے۔

انہوں نے پاکستان کی موجودہ سفارتی سرگرمیوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی محاذ پر ہمیں مزید مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے مشنز کو دنیا بھر میں سرگرم ہو کر پاکستان کا مقدمہ لڑنا چاہیے تھا۔

مولانا کا کہنا تھا کہ بھارت اسرائیلی ہتھیاروں کا استعمال کر کے پاکستان کو نقصان پہنچا رہا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اسرائیل اور بھارت دونوں کے خلاف واضح، مشترکہ لب و لہجہ اختیار کرے۔

Comments are closed.