شہدائے آرمی پبلک اسکول ۔۔۔ ہم تمہیں کبھی نہیں بھولیں گے

پشاور/ راولپنڈی: سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی چوتھی برسی پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، صدر، وزیر اعظم اور آرمی چیف نے اپنے پیغامات میں دشمن کے مذموم مقاصد کوخاک میں ملانے کے لیے مکمل متحد رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گردوں کے حملے کو 4 سال مکمل ہوگئے لیکن شہداء کے والدین تاحال غم کی کیفیت میں ہیں۔ 16 دسمبر ہر سال آتی ہے اور سانحہ آرمی پبلک اسکول کے زخموں کو تازہ کر جاتی ہے، اسی روز پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا اور طلبا، اساتذہ سمیت 150 افراد کو بے دردی سے شہید کردیا۔

جن والدین کے بچے بچ گئے وہ بھی اس ہولناک دن کو بھلا نہیں سکے، دہشت گردوں نے اسکول پر حملہ کرکے علم کی شمع بجھانا چاہی، مستقبل کے معماروں کو نشانہ بنا کر ملک اور سیکیورٹی اداروں کا حوصلہ توڑنے کی کوشش کی لیکن قوم کے حوصلے پست نہ ہوئے۔اپنے پیاروں کو کھونے کے بعد قوم نے نئے عزم کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کی ٹھانی جو ملک بھر میں جاری تعلیمی سرگرمیاں ملک دشمنوں کو پیغام دے رہی ہیں کہ قوم کےعزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

والدین ہر 16 دسمبر کو اکٹھے ہوتے ہیں اور اپنے جگر گوشوں کی یاد میں شمعیں جلاتے ہیں، ان کا کہنا ہے  جب تک سانسیں ہیں، ان کے بچوں کی یادیں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

صدر عارف علوی نے سانحہ اے پی ایس شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم عہد کرے انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے ہر قسم کی قربانی دے گی، سانحہ اے پی ایس ایک قومی المیہ ہونے کے ساتھ تجدید عہد کا بھی دن ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر کے دلخراش واقعے نے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی اور وحدت کو جنم دیا، سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ سرانجام دیا جس کی مثال نہیں ملتی، معصوم جانوں نے لہو کا نذرانہ دے کرقوم کو سفاک دشمن کے خلاف متحد کر دیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا اور ان کے والدین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے لیے دعا گو ہوں اور شہدا کے بہادر والدین کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اے پی ایس شہدا کی یاد میں آرمی پبلک اسکول میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہدا کے والدین، اساتذہ و طلبا، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود اور گورنر خیبرپختون خوا شاہ فرمان نے شرکت کی۔

تقریب میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو سلامی پیش کی گئی اور آرمی پبلک اسکول میں شہدا کے لئے قرآن خوانی کی گئی جس میں شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔

کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے لواحقین سے ملاقات بھی کی جب کہ یاد گار شہدا پر پھول بھی چڑھائے۔

Comments are closed.