پاکستان میں 3 ایئربیسز پر میزائل حملے، پاک فضائیہ نے بروقت جواب دے کر بھارتی جارحیت ناکام بنا دی

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ہنگامی میڈیا بریفنگ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین اہم ایئر بیسز — نور خان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ — کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے تاہم پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی اور ایئر ڈیفنس سسٹم کی مؤثر کارکردگی کے باعث یہ حملے ناکام بنا دیے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نور خان ایئربیس کے قریب بھارتی حملے کو ناکام بنا دیا گیا اور تمام فضائی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت سے مرعوب نہیں ہوگا اور ہر قسم کی دراندازی کا منہ توڑ جواب دے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے انکشاف کیا کہ بھارت نے نہ صرف پاکستان بلکہ افغانستان پر بھی میزائل داغے ہیں، جو پورے خطے کو جنگ کی لپیٹ میں دھکیلنے کی ایک خطرناک کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں امن کو نقصان پہنچا رہا ہے اور اپنی جارحانہ پالیسیوں سے عدم توازن پیدا کر رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق زیادہ تر بھارتی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا جبکہ کچھ میزائل ایئر بیسز کے قریب گرے، لیکن کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ ان حملوں کے تمام الیکٹرانک شواہد موجود ہیں جو بھارت کی بزدلانہ سوچ اور جنگی جنون کو بے نقاب کرتے ہیں۔

قبل ازیں ایک اور ہنگامی بریفنگ میں ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ بھارت نے آدھم پور سے 6 بلیسٹک میزائل فائر کیے، جن میں سے 5 امرتسر جبکہ ایک آدھم پور کے قریب جا گرا۔ یہ بھارتی میزائل حملے خود بھارت کے لیے ہی نقصان دہ ثابت ہوئے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت اپنے ملک کے اندر موجود اقلیتوں کو بھی نہیں بخش رہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سکھ برادری کو نشانہ بنا رہا ہے اور ہم سکھوں کے ساتھ اپنی مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کی شدید مذمت کی۔

پاکستان نے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی امن کا ہر صورت دفاع کرے گا، اور کسی بھی مہم جوئی کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Comments are closed.