اسلام آباد :کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے زیر اہتمام رمضان المبارک کے موقع پر 500 مستحق خاندانوں میں خشک راشن تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد، ایم ڈی بیت المال شاہین خالد بٹ اور چیئرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری اختر نے خصوصی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ہنر مند معاشرہ ہی حقیقی ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف ایک کروڑ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کر رہی ہے بلکہ تعلیمی وظائف اور خواتین کے لیے نشوونما پروگرام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو خود کفیل بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمیں ملک کو استحکام کی طرف لے کر جانا ہے تو ہمیں ہنرمندی کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا بھر میں ہنر مند افراد کی طلب بڑھ رہی ہے، خاص طور پر جرمنی کو اس وقت 4 لاکھ ہنر مند افراد کی ضرورت ہے، جبکہ سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں بھی اسکلڈ ورکرز کے لیے مواقع موجود ہیں۔روبینہ خالد نے اپیل کی کہ تمام متعلقہ ادارے مل کر عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کریں تاکہ ملک میں بے روزگاری کے خاتمے اور معاشی استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔
ایم ڈی بیت المال شاہین خالد بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ ایک مثالی فلاحی ادارہ ہے جو نہ صرف یتیم بچوں کی کفالت کر رہا ہے بلکہ عوامی خدمت میں بھی پیش پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال اور بی آئی ایس پی مل کر غربت کے خاتمے اور عوام کو خود کفیل بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ایم ڈی بیت المال نے این جی اوز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ غربت کے خاتمے میں غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کا تعاون خوش آئند ہے اور سرکاری اداروں کو بھی ان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔
چیئرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری اختر نے خطاب میں کہا کہ عوامی خدمت اور فلاح ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران ہزاروں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا اور مستقبل میں بھی یہ فلاحی مشن جاری رہے گا۔چوہدری اختر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ ہمیشہ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے پیش پیش رہے گا اور مزید فلاحی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندان مستفید ہو سکیں۔تقریب کے اختتام پر مستحق خاندانوں میں راشن کے پیکجز تقسیم کیے گئے۔ شرکاء نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ فلاحی سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
Comments are closed.