انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات ، دو طرفہ دفاعی تعاون کے عزم کا اعادہ

ہوابازی کے شعبے میں مشترکہ تربیتی اقدامات، آپریشنل تعاون اور ادارہ جاتی روابط کے تسلسل کے ذریعے فوجی تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم کا اظہار

اسلام آباد (صدام حسین) انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) جعفری شمس الدین کی قیادت میں اعلی ٰسطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ یہ اعلیٰ سطحی ملاقات جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان کے تسلسل کا ایک اہم جزو ہے جس میں دونوں  ممالک کی فضائی افواج کے مابین دوطرفہ دفاعی تعاون بالخصوص استعداد سازی، تربیت اور تکنیکی شعبوں میں مزید اضافے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

سربراہ پاک فضائیہ  نے پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مضبوط عوامی روابط پر قائم ہیں۔ اُنہوں نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی حالیہ جدت طرازی مہم  سے آگاہ کرتے ہوئے انفراسٹرکچر کی ترقی، تربیتی نظام کی ازسرِنو تشکیل اور جدید و مخصوص صلاحیتوں کے حصول کے ذریعے جاری جامع  منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ ائیر چیف نے مزید بتایا کہ یہ تزویراتی اقدامات عصری جنگی تقاضوں کے مطابق ملٹی ڈومین آپریشنز میں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری اور تکنیکی برتری کو مزید مستحکم  بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ  نے ہوابازی کے شعبے میں مشترکہ تربیتی اقدامات، آپریشنل تعاون اور ادارہ جاتی روابط کے تسلسل کے ذریعے فوجی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل برتری اور جنگی تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے تحت مقامی سطح پر جدت اور خود انحصاری کے ذریعے حاصل کی گئی نمایاں تکنیکی کامیابیوں کی تعریف کی اور اسے ایرو اسپیس کے شعبے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی خود کفالت کا مظہر قرار دیا۔  معزز مہمان نے تربیت، ہوابازی اور ایرو اسپیس کے شعبوں میں پاک فضائیہ کے ساتھ تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔

انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع اور سربراہ پاک فضائیہ کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات پاکستان اور انڈونیشیا کے دفاعی تعلقات میں بڑھتی ہوئی ہم آہنگی کی عکاس ہے جو  دونوں ممالک کے اس مشترکہ عزم کی توثیق کرتی ہے کہ بہتر تعاون اور روابط  کے ذریعے اس دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم  کیا جائے گا۔

Comments are closed.