سہیل آفریدی سے امریکی قونصل جنرل کی اہم ملاقات، تجارت اور سکیورٹی تعاون پر بات چیت

پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ کے درمیان وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، معدنیات، توانائی اور سکیورٹی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں انسدادِ دہشت گردی اور انسدادِ منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔

امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ نے گفتگو میں کہا کہ تجارتی سفارتکاری امریکی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی سفارتکاری کے فروغ سے امن و استحکام مضبوط ہوگا، جبکہ معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں شراکت داری اس تعاون کو مزید وسعت دے گی۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ خیبر پختونخوا منرلز ایکٹ کے تحت مقامی آبادی کو سرمایہ کاری میں اوّلین ترجیح حاصل ہے، اس لیے نجی سرمایہ کاری کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی جو مقامی آبادی کو فائدہ پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مفاد کو فوقیت دیتی ہے اور سستی و صاف توانائی کیلئے چھوٹے پن بجلی گھروں اور ڈیموں پر کام جاری ہے۔

سہیل آفریدی نے بتایا کہ نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا، لیکن اب صوبہ ادارہ جاتی مضبوطی، انفرااسٹرکچر کی بحالی اور استعداد سازی پر توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں موجود قیمتی معدنی ذخائر سے مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچایا جائے گا۔

Comments are closed.