بھارت خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے، پاکستان امن کا داعی ہے: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

اسلام آباد میں “علاقائی مکالمہ 2025” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے کے فوری بعد جس پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا، وہاں پہنچنے میں ہی 45 منٹ لگتے ہیں، اس کے باوجود صرف 10 منٹ بعد ایف آئی آر درج ہونا خود بھارت کے ڈرامے کا ثبوت ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان اس افسوسناک واقعے میں قطعی طور پر ملوث نہیں۔ بھارت نے کوئی ثبوت پیش کیے بغیر بے بنیاد الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ اس جعلی کارروائی کا مقصد بھارت کے اندر جاری تحریکوں، خصوصاً انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے، اور لاکھوں لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ امن، استحکام اور بات چیت کو ترجیح دی ہے اور جارحیت کی ہر صورت میں مخالفت کی ہے۔

اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو یہ معاہدہ معطل کرنے یا ختم کرنے کا کوئی اختیار نہیں، اور اگر بھارت نے پانی روکا یا رخ موڑا تو یہ جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے بھی اس حوالے سے واضح فیصلے کیے جن پر فوری عملدرآمد کیا گیا۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب بھارتی فضائیہ نے مس ایڈونچر کی کوشش کی، تاہم پاک فضائیہ نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین کبھی دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہوگی، عالمی برادری اس بگڑتی صورتحال کا نوٹس لے، اور مسئلہ کشمیر کو ہر حال میں عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے۔

Comments are closed.