اُڑان پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نیشنل اکنامک پلان اڑان پاکستان کی افتتاحی تقریب میں شرکت اعزاز کی بات ہے، ملک میں میکرواکنامک استحکام آچکا ہے، مہنگائی 38 فیصد سے سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے، ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان کے اجرا پر بے حد خوشی ہوئی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے مالی سال میں سرپلس 24 سال بعد حاصل کیا، افراط زر 38 فیصد کم ہو کر 5 فیصد، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 13 فیصد پر آگیا ہے، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان کی سٹاک مارکیٹ نے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ کائبور اس وقت 12 فیصد کے قریب ہے، ہم نے مزید گروتھ کی طرف جانا ہے، ڈیفالٹ ریٹ میں 93 فیصد کمی ہونا بڑی کامیابی ہے، ہم نے وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں مزید استحکام کی جانب جانا ہے، پائیدار ترقی کیلئے معاشی استحکام ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 12 سے 14 ماہ کی کوششوں کے بعد یہاں تک پہنچے ہیں، پچھلے 12 سے 14 ماہ میں میکرو استحکام کے حصول کی کوششوں میں پیشرفت ہوئی، ایس آئی ایف سی کی کاوشیں سرمایہ کاری کیلئے اہم ہیں،ہوم گرون نیشنل ایکشن پلان میں ہر پہلو کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ قومی اقتصادی پلان کے ذریعے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہے، ہم منصوبہ بندی سے نکل کر عملی معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہیں، 1991 میں نوازشریف نے معاشی ترقی کا ایجنڈا دیا جس کو اب دوبارہ شروع کرنا ہے، ہماری ترجیح سستی توانائی اور برآمدات کا فروغ ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ قرض واجبات میں نمایاں کمی ہوئی، سماجی شعبے کی ترقی کیلئے زیادہ فنڈز دستیاب ہوں گے، نجکاری کے عمل میں تیزی لائی جارہی ہے، پاکستان درآمدی معیشت رہی ہے، ہمیں نمو کی طرف جانا ہے، یہ بنیادی اصلاحات کے ذریعے کریں گے، وزیراعظم نے اصلاحات کے لیے کمیٹی قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ اور کاروبار کو برابری کی بنیاد پر موقع فراہم کریں گے، برآمدات کو استحکام دیں گے، مارکیٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ریٹ ہوگا۔
Comments are closed.