بارسلونا میں پاکستان کے قونصل جنرل مراد علی وزیر کی زیرِ صدارت “معرکہ حق” اور “بنیان مرصوص” کی پہلی سالگرہ کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جبکہ اس موقع پر ایک خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں معرکہ حق کی تاریخی کامیابی اور پاک افواج کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت نے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ شرکاء نے پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب ہے جس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے متحد ہے۔
تقریب سے چوہدری صابر تارڑ، چوہدری امتیاز لوراں، محمد اقبال، حافظ عبدالرزاق، ساجد گوندل، شہباز کھٹانہ، خالد شہباز چوہان، فرحان اختر مہر، شفیق تبسم، چوہدری نوید وڑائچ، راجہ سونی، راجہ اسد، فیض اللہ ساہی اور چوہدری امانت حسین مہر نے خطاب کیا۔ مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ مقررین نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، جبکہ خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
تقریب کے اختتام پر قونصل جنرل مراد علی وزیر، چوہدری امانت حسین مہر، چوہدری ذوہیب ورک اور چوہدری صابر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے “بنیان مرصوص” کی پہلی سالگرہ پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی افواج کی شاندار کارکردگی، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے ہر مشکل وقت میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔۔
قونصل جنرل مراد علی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کے تحمل، وقار اور امن سے وابستگی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور بین الاقوامی قانون کے احترام پر یقین رکھتا ہے، تاہم ملک اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی مکمل صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب میں نظامت کے فرائض کمیونٹی ویلفئیر اتاشی چوہدری سالک محمود گوندل نے ادا کئے
















