آج کا اخبار

تازہ ترین شمارہ
پڑھیں

تازہ ترین شمارہ پڑھنے کے لیے کلک کریں

تازہ ترین

معرکہ حق میں بہترین دفاعی، سفارتی، سیاسی حکمت عملی سے پاکستانی وقار میں اضافہ ہوا، رضوان شیخ

امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی دفاعی، سفارتی اور سیاسی حکمتِ عملی کی بنیاد پر خطے میں استحکام کے ایک اہم عامل کے طور  پر  ابھرا ہے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی قدر و منزلت اور سفارتی ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان خطے میں اپنی دفاعی، سفارتی اور سیاسی حکمتِ عملی کی بنیاد پر استحکام کے ایک اہم عامل کے طور پر  ابھرا ہے، بین الاقوامی سطح پر قدر و منزلت اور سفارتی ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ   پاکستان نے پہلگام واقعے کے بعد فوری طور پر تحقیقات کا مطالبہ کیا جبکہ بھارت نے بغیر ثبوت الزامات عائد کرتے ہوئے غیر قانونی جارحیت کا ارتکاب کیا، پاکستان مسلسل خبردار کرتا رہا کہ جوہری صلاحیت رکھنے والے خطے میں کسی مہم جوئی کی گنجائش نہیں، انہوں نے کہا کہ  جارحیت کے باوجود پاکستان نے سیاسی، سفارتی  اور عسکری پختگی کا مظاہرہ کیا جس سے بین الاقوامی سطح پر قومی وقار میں اضافہ ہوا۔

 پاکستان کے دفاعی اخراجات بھارت کے مقابلے میں بہت کم ہیں مگر اصل طاقت دفاعی صلاحیت ،قومی عزم اور قوتِ اخوتِ عوام ہے، صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے قیامِ امن میں فعال کردار ادا کیا جسے دنیا نے تسلیم کیا، پاکستان نےمعرکۂ  حق میں حقائق اور تدبُر  کی بنیاد پر اپنا مؤقف پیش کیا، جس سے ملک کی عالمی ساکھ مضبوط ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کے دور میں بھارتی بیانیے کی کمزوریاں دنیا کے سامنے واضح ہو گئیں، پاکستان آج بھی پلوامہ اور پہلگام واقعات کے ثبوت مانگ رہا ہے اور دنیا بھی اسی انتظار میں ہے۔

پاکستانی سفیر نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے میں ایسی کوئی شق موجود نہیں جس کے تحت اسے معطل کیا جا سکے، پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہوگا، اگر پاکستان کے پانی یا سالمیت کو خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان اپنے حقِ دفاع کا بھرپور استعمال کرے گا

انہوں نے کہا کہ گلوبل ٹیررزم انڈیکس کے مطابق پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ مُلک ہے اس کے باوجود  امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی اور دیگر اقوام   کی جانب سے پاکستان کے عالمی امن میں کردار پر کھل کر پذیرائی ہے  اور ہر سطح پر شکریہ ادا کیا جا رہا ہے۔

رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ بنیان مرصوص کے تصور کی تکمیل تب ہوگی جب پاکستان کی معیشت بھی اس کے دفاع کی طرح ناقابلِ تسخیر بنے گی، اندرون و بیرون  ملک مقیم  پاکستانیوں پر لازم  ہے کہ وہ قومی جذبے اور پاکستانیت کے جذبے کو برؤے کار لاتے ہوئے  مادرِ وطن  کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں،

 سفیر پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ معرکہ حق کی اہمیت اور افادیت ماضی اور حال کے تناظُر  میں مسلمہ ہے جبکہ یہ مُستقبل کے حوالے سے اہم نُکتہ اِرادیت ہے  جو معاشی ترقی کے مصمم ارادے  سے فکرو عَمل کی یک جہتی سے عبارت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ سمیت دنیا کے تمام دیرپا تعلقات کی اصل بنیاد معاشی روابط ہیں، اس لیے پاکستانی امریکی کمیونٹی   دونوں ملکوں کے مابین   ایک اہم پل کا کردار ادا کرتی ہے، پاکستان کی حالیہ عالمی پذیرائی کو مُنافع بخش شراکت داریوں میں ڈھالنا ہوگا۔

آج کا اخبار

تازہ ترین شمارہ
پڑھیں

تازہ ترین شمارہ پڑھنے کے لیے کلک کریں

تازہ ترین