اسلام آباد / میڈرڈ: حنا ربانی کھر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کے اجلاس میں اسپین میں پاکستانی سفارتخانے اور بارسلونا قونصل خانے کی قونصلر خدمات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں میڈرڈ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر ظہور نے اسپین میں پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی خدمات اور سفارتی مشنز کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
بریفنگ کے مطابق بارسلونا میں پاکستانی قونصل خانے نے جنوری تا مئی 2026 کے دوران مجموعی طور پر 20 ہزار 288 قونصلر خدمات فراہم کیں۔ اس عرصے میں 7 ہزار 575 حلف نامے اور تصدیقات جاری کی گئیں، جبکہ 5 ہزار 688 پاکستانی شہریوں کو پاسپورٹس فراہم کیے گئے۔ نائیکوپ، قومی شناختی کارڈ، پی او سی اور ایف آر سی سے متعلق 3 ہزار 583 درخواستیں نمٹائی گئیں، جبکہ ای ویزا سروس کے تحت 2 ہزار 587 درخواستوں پر کارروائی مکمل کی گئی۔ اس کے علاوہ پاور آف اٹارنی کے 320 کیسز، 279 ایس ون سرٹیفکیٹس، شہریت ترک کرنے کے 228 کیسز اور 28 ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹس بھی جاری کیے گئے۔
دوسری جانب میڈرڈ میں پاکستانی سفارتخانے نے اعلان کے بعد 6 ہزار 715 قونصلر خدمات فراہم کیں، جن میں 2 ہزار 584 حلف نامے اور اتھارٹی لیٹرز، 2 ہزار 320 پاسپورٹ درخواستیں، 147 پاور آف اٹارنی کیسز، 377 دستاویزات کی تصدیق، 185 سرٹیفکیٹس اور ای ویزا کی 965 درخواستوں پر کارروائی شامل ہے۔
اجلاس کے دوران حنا ربانی کھر نے میڈرڈ میں پاکستانی سفارتخانے اور پاکستان قونصل خانہ بارسلونا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قونصلر عملے نے جس مؤثر انداز میں خدمات انجام دیں وہ قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کو بروقت سہولیات کی فراہمی اور ہزاروں قونصلر معاملات کو نمٹانا سفارتی مشنز کی بہترین کارکردگی کا ثبوت ہے۔


















