مظفرآباد: صدر آزاد جموں وکشمیر سردارمسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں صحت عامہ کےحوالے سےچیلنجز کامقابلہ کرنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ آزاد کشمیر میں غیرمتعدی بیماریوں کے بڑھنے پرسخت تشویش ہے، ماہرین بیماریوں میں اضافے کے اسباب کا سراغ لگانا اور ان کے تدارک کے لئے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
ایوان صدرمظفرآباد میں انڈس ہیلتھ نیٹ ورک پاکستان کی طرف سے آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور خدمات کے بارے میں صدرریاست کو بریفنگ دی گئی۔
صدر آزادکشمیر نے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کی طرف سے پاکستان اور آزادکشمیر میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک نے عباسپور جیسے دور دراز علاقے میں تمام ضروری سہولتوں سے آراستہ انتہائی معیاری ہسپتال قائم کر کے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے شعبہ صحت کا انفراسٹرکچر وسیع اور جدید ہے اور دور دراز علاقوں میں بھی ہسپتال کی بہترین عمارات موجود ہیں لیکن بعض علاقوں میں ڈاکٹروں اور معاونین صحت کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے جس کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھار ہی ہے۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں نرسنگ کالج کے قیام کی ضرورت طویل عرصے سے محسوس کی جارہی ہے جس کو حل کرنے کے لئے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک اور ایم ٹی بی سی آزادکشمیر کے محکمہ صحت کی مدد کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں بڑھتے ہوئے امراض قلب، بلند فشار خون، ذیا بیطس، کینسر اور متعدی بیماریوں میں ٹی بی باعث تشویش ہے۔ ماہرین طب کو ان بیماریوں کے اچانک بڑھ جانے کی بنیادی اسباب تلاش کر کے ان کے سد باب کے لئے عوام الناس کے اندر آگاہی مہم شروع کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ آزادکشمیر پورے پاکستان میں پولیو فری علاقہ قرار دیا جا چکا ہے۔
Comments are closed.